16 مارچ 2016 - 16:06
پرویز مشرف کے لیے بیرون ملک جانے کا راستہ ہموار

پاکستان کی سپریم کورٹ نے ملک کے سابق صدر اور سابق فوجی سربراہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عدالت کے اس فیصلے کے بعد غداری اور دیگر مقدمات میں عدالتی فیصلے کے منتظر پاکستان کے سابق صدر کے بیرون ملک جانے کا راستہ ہموار ہوگیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق بدھ کے روز پاکستان کی سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی درخواست کی سماعت کی۔
اس موقع پر پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کی طبیعت انتہائی ناساز ہے اور ان کا علاج کے لیے بیرون ملک جانا ضروری ہے۔ سرکاری وکیل نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی مخالفت میں دلائل دیئے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔ اس سے پہلے سندھ ہائی کورٹ نے جون دوہزار چودہ میں پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔

حکومت پاکستان نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲